انسانی ترقی اورہتھیار۔۔
By Technology Times at December 24, 2011 | 12:38 pm | PrintA- Reset A+
انسان کی ترقی کا دارومدار اس کی ضروریات پر رہا ہے لیکن اس ترقی نے جہاں مثبت اثرات چھوڑے ہیں وہاں منفی پہلو بھی اختیار کیا ہے۔ بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ ہر مثبت ترقی کے ساتھ ایک منفی پہلو جڑا رہا ہے تو غلط نہ ہوگا۔ ایٹم کی ایجاد انسانی ایجادات میں سب سے بڑی ایجاد تصور کی جاتی ہے، ایٹم کے پرامن مقاصد میں بیماریوں سے نجات، روزمرہ مسائل کا حل، بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے مقاصد مرکزی حیثیت رکھتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ حضرت انسان نے ایٹم کا منفی استعمال کرتے ہوئے ایٹم بم ایجاد کر لیا جس کے سبب ناگا ساکی اور ہیروشیما کی تاریخ آج تک اس انسانیت سوز واقع پر شرمندہ ہے۔
پاکستان میں بھی منفی و مثبت کی یہ جنگ بدرجہ اتم پائی جاتی ہے بلکہ اگر یوں کہیں تو بے جا نہ ہو گا کہ دنیا کے اکثر ممالک میں منفی استعمالات کسی حد تک مثبت سے زیادہ نظر آتے ہیں۔ خدا کے فضل سے ہمارے ملک میں قدرتی گیس کے جو ذخائر موجود ہیں وہ ہماری عام ضرورت سے قدرے زیادہ ہی تھے، لیکن ہمارے بے جا استعمال کے باعث وہ ذخائر جو ہماری ضروریات سے زیادہ تصور کئے جاتے تھے وہ ختم ہونے کو ہیں اور اب ہم خود گیس کے لیے ترس رہے ہیں۔
گیس کے استعمالات میں گیس کو کمپریس شکل میں استعمال کر کے بطور ایندھن انجن کے لئے تیار کیا گیا ہے جس کو سی این جی کہتے ہیں۔ یقینی بات ہے سی این جی کا استعمال عوام کے لئے ارزاں ہے، فراہمی نسبتاً آسان ہے، باہر سے نہیں منگوانی پڑتی، اپنے ہاں کی پیداوار ہے لیکن اس کو چند لوگوں نے اپنی غلط منصوبہ بندی کے سبب عوام کے لئے مشکل بنا دیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر گاڑیوں میں سی این جی فراہم نہ کی جاتی تو آج کارخانے اور گھروں کے لئے گیس دستیاب ہوتی۔
سی این جی کو گاڑیوں میں فراہم کرنے کا ایک نقصان یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ بعض ناعاقبت اندیش لوگوں نے گاڑی میں ایک کی جگہ دو اور تین سے چار سلنڈر تک نصب کئے ہوئے ہیں نتیجتاً کسی بھی حادثے کی صورت میں یہ سلنڈر کسی بم سے کم اثر نہیں دکھاتے ہیں جو قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کا سبب بنتا ہے۔
حال ہی میں ہونے والے ٹریفک کے چند حادثات میں گاڑیوں میں نصب سی این جی سلنڈر پھٹنے کے باعث ایک سو کے قریب انسانی جانیں ضایع ہوئی ہیں۔ ان حادثات کی بنیادی وجہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی کا بڑھتا ہوا استعمال اور گاڑیوں میں غیر معیاری سلنڈر کی تنصیب ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی کا استعمال ایک بحث طلب امر ہے۔ لیکن سطحی طور پر دیکھیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ انفرادی طور پر سی این کے استعمال اور اجتماعی استعمال میں خطرے کا احتمال کئی گنا زیادہ ہے۔
ارباب اختیار کو چاہیئے کہ انسانی فلاح کے لئے ایجاد کردہ سی این جی کو وہ انسانیت کی بہبود کے لئے استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے محفوظ استعمال پر قانون سازی کریں تاکہ سی این جی کسی ہتھیار یا بم کی شکل اختیار نہ کر سکے۔






